بلدیاتی الیکشن، امبڑیالہ میں بڑی بیٹھک ،ن لیگی امیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان
برنالہ (کشمیر ڈیجیٹل،رپورٹ واجد محمود)بلدیاتی انتخابات میں پارٹی قیادت کے نامزد امیدوار کی بھرپور حمایت، تمام پولنگ اسٹیشنز پر نمائندہ کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ۔
یونین کونسل امبڑیالہ کے تمام وارڈز سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان، عہدیداران اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات کا ممبر ضلع کونسل راجہ محمد شفیق کی رہائشگاہ پر ایک بڑا اور اہم سیاسی اجتماع منعقد ہوا۔
اجلاس میں یونین کونسل کی موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ بلدیاتی انتخابات اور علاقے کے ترقیاتی معاملات سمیت مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) سے وابستہ کارکنان اور مختلف وارڈز کے نمائندہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کے تنظیمی نظم و ضبط اور قیادت کے فیصلوں کو مقدم رکھتے ہوئے آئندہ بھی باہمی اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے ساتھ سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اتفاق رائے سے اہم فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے جس امیدوار کو نامزد کیا جائے گا۔
یونین کونسل امبڑیالہ کے تمام کارکنان اور پارٹی سے وابستہ افراد اس امیدوار کی بھرپور حمایت کریں گے اور اس کی کامیابی کیلئے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں گے۔
شرکاء نے واضح کیا کہ ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے پارٹی نظم و ضبط اور اجتماعی فیصلے کو ترجیح دی جائے گی۔مقررین نے حالیہ جنرل انتخابات میں یونین کونسل امبڑیالہ میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اور کرنل (ر) وقار احمد نور کی کامیابی میں علاقے کے عوام اور پارٹی کارکنان کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کامیابی کسی ایک فرد یا گروپ کی نہیں بلکہ پوری جماعت، کارکنان اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس پر ان کے شکر گزار ہیں اور اس اعتماد کو آئندہ بھی عوامی خدمت، ترقیاتی کاموں اور اجتماعی مسائل کے حل کے ذریعے برقرار رکھا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ یونین کونسل امبڑیالہ کے تمام علاقوں اور وارڈز میں عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی کیلئے مؤثر رابطہ کاری کا نظام قائم کیا جائے
تاکہ علاقے کے بنیادی مسائل کو مناسب فورم پر اجاگر کیا جا سکے اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مؤثر انداز میں آواز اٹھائی جا سکے۔




