ہٹیاں بالا: اہم رہنماؤں کا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان

ہٹیاں بالا: راجہ عبد القدیر خان، وقار انجم، وحید کیانی، شاہد حمید، جمشید کیانی، یاسر صدیق کیانی اور راجہ راحیل نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی جہلم ویلی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی کا حصہ رہے ہیں اور جب تک یہ تحریک جائز حقوق کے حصول تک محدود رہی، انہوں نے بھرپور انداز میں اس کا ساتھ دیا اور پُرامن جدوجہد میں شریک رہے۔ تاہم، حکومت کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد وہ اس سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔

نوجوانوں اور عوام سے پرامن رہنے کی اپیل:

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں موجودہ صورتحال نوجوانوں کو انتشار کی جانب لے جا رہی ہے، اس لیے جو نوجوان ان کی وجہ سے عوامی ایکشن کمیٹی میں شامل ہوئے تھے، وہ بھی اب اس سے لاتعلقی اختیار کریں۔ انہوں نے جہلم ویلی کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: افتخار گیلانی کالعدم ایکشن کمیٹی کا معاملہ جلد حل کرلیں گے، اسپیکر طارق فاروق

شرکائے پریس کانفرنس نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 4 اکتوبر کو دی جانے والی کال سے بھی لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں اور بازار و مارکیٹیں کھلی رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پریس کانفرنس میں کیے جانے والے اعلانات کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ اپنی مرضی اور آزادانہ طور پر کیے جا رہے ہیں۔

شرکائے پریس کانفرنس نے کہا کہ وہ پاکستان اور ریاستِ کشمیر کے وفادار ہیں اور عوام سے بھی محبِ وطن ہونے کا ثبوت دینے کی اپیل کی۔ پریس کانفرنس کا اختتام پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور آزاد کشمیر زندہ باد کے نعروں سے کیا گیا۔