کوہالہ، انٹری پوائنٹ پرکارروائی، غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی بھاری کھیپ تلف

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر ناکہ بندی کے دوران اندرونِ آزاد کشمیر خوراک ترسیل کرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ اور سائنسی جانچ کا عمل انجام دیا گیا۔

کارروائی کے دوران اشیاء خورونوش، اشیاء کے معیار، رجسٹریشن، پیکنگ، لیبلنگ، ذخیرہ اور ترسیل کے مقررہ ایس او پیز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کا پاکستان مخالف پروپیگنڈا،آزادکشمیر کے شہریوں کا سخت ردعمل

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر مختلف اشیاء خورونوش فوری سائنسی ٹیسٹنگ بھی عمل میں لائی۔ انسپیکشن کے دوران غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری خوراک کی نشاندہی ہونے پر متعلقہ اشیاء کو قبضے میں لے کر تلف کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران کھویا اور کریم سمیت بعض اشیاء مقررہ حفظانِ صحت کے اصولوں اور ترسیلی ایس او پیز کے برخلاف غیر محفوظ طریقے سے منتقل کی جا رہی تھیں

غیر معیاری اشیائے خوردو نوش ضبط کر کے ضوابط کے مطابق تلف کر دیا گیا، جبکہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: جنرل بی ایس سی نرسنگ پروگرام میں داخلوں کا اعلان

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق خوراک کی تیاری، ذخیرہ، ترسیل اور فروخت کے تمام مراحل میں مقررہ فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز اور ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہے۔

عوام کو محفوظ، صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوہالہ انٹری پوائنٹ سمیت اہم داخلی راستوں پر خوراک بردار گاڑیوں کی چیکنگ، انسپیکشن اور سائنسی جانچ کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔