آزادکشمیر: جنرل بی ایس سی نرسنگ پروگرام میں داخلوں کا اعلان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ صحت عامہ نے نرسنگ پروگرام جنرل بی ایس سی (Generic B.Sc.) سیشن 2026-27 میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔

محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کی جانب سے جاری اشتہار کے مطابق پاکستان بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سے ایف ایس سی پری میڈیکل اور مقررہ تعلیمی قابلیت رکھنے والی طالبات سے داخلے کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ داخلہ میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت دیا جائے گا۔

داخلے کے لیے امیدوارہ کی عمر 14 سے 35 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے، جبکہ ایف ایس سی پری میڈیکل میں کم از کم 60 فیصد نمبرز اور میٹرک میں سائنس گروپ کے ساتھ کامیابی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ امیدواران کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ، میڈیکل فٹنس اور دیگر مطلوبہ دستاویزات بھی لازمی قرار دی گئی ہیں۔

اشتہار کے مطابق درخواستیں آن لائن جمع کروائی جائیں گی اور درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ بھی منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے امیدواران کو مقررہ ٹیسٹ سینٹر پر مقررہ وقت کے مطابق حاضر ہونا ہوگا۔ رول نمبر سلپس اور ٹیسٹ سے متعلق معلومات آن لائن پورٹل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

امیدواران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اصل تعلیمی اسناد، ڈومیسائل، شناختی دستاویزات اور دیگر مطلوبہ کاغذات اپنے ہمراہ رکھیں۔ درخواستوں اور دستاویزات کی جانچ پڑتال مقررہ طریقہ کار کے تحت کی جائے گی، جبکہ غلط یا نامکمل معلومات کی صورت میں درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔

داخلے کے لیے ڈومیسائل اور متعلقہ نرسنگ ریگولیٹری ادارے کی مقررہ شرائط پوری کرنا بھی ضروری ہوگا۔ سرکاری ملازمین کے لیے متعلقہ محکمے کا این او سی پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ مطلوبہ دستاویزات مکمل نہ ہونے کی صورت میں امیدوارہ کو داخلے کے عمل میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

اشتہار میں امیدواران کو ویریفائیڈ QR اسکیننگ کے ذریعے درخواست اور دستاویزات کی تصدیق سمیت متعلقہ معلومات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

محکمہ صحت عامہ کے مطابق داخلے سے متعلق مزید معلومات کے لیے کالج آف نرسنگ کے نمبرز 05827-921476 اور 05827-921478 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اشتہار کا حوالہ نمبر AJK No. 67N/9/26 ہے، جبکہ ویب سائٹ www.sconm.pk درج کی گئی ہے۔