آزاد جموں و کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے درپے ایک فسادی جتھے کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آنے کے بعد اس فتنہ پرور ٹولے سے لاتعلقی کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے چاروں کارندوں،رضوان مشتاق کیانی، حیدر علی کاظمی، سید سجاد شاہ، اور ثقلین حمید،نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے فسادی جتھے سے مکمل طور پر لاتعلقی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
لاتعلقی کا اعلان کرنے والے ان کارندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ انتشاری تحریک دراصل ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان کے مابین نفرت کے بیج بونا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس فسادی جتھے کی منفی پالیسیوں اور مشکوک سرگرمیوں سے شدید اختلاف رکھتے ہیں، اور اسی بنیاد پر انہوں نے اس تحریک سے راہیں جدا کرتے ہوئے علیٰحدگی اختیار کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف عوامی نفرت بڑھنے لگی، سخت کارروائی کا مطالبہ
ان سابق کارندوں نے عوام بالخصوص نوجوان نسل سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس نوعیت کے فسادی جتھوں سے خود کو ہمیشہ دور رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اب تک نام نہاد کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ وابستہ رہ کر کام کرتے رہے ہیں، لیکن جب سے اس کمیٹی نے انتشار اور تخریب کاری کی راہ اختیار کی ہے، انہوں نے فوری طور پر اس سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کالعدم انتشاری ٹولے کا مقصد ریاست کے عوام اور پاکستان کے مابین دوری پیدا کرنا اور نفرت پھیلانا ہے، جبکہ اس میں مسلح جتھوں کی شمولیت سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ان کا اصل ایجنڈا ریاست کے عوام اور اداروں کے درمیان تصادم کرانا ہے۔ تمام سابق کارندوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ آئندہ اس فتنہ انگیز تحریک کا کسی بھی صورت حصہ نہیں بنیں گے۔




