مظفرآباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں و کشمیر کے سالانہ انتخابات کے لیے انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، جن کے تحت صدر اور جنرل سیکرٹری کی اہم ترین نشستوں پر امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق صدارتی عہدے کے لیے راجہ فیاض حیدر نوابی اور تبسم صادق ایڈووکیٹ آمنے سامنے ہوں گے جبکہ جنرل سیکرٹری کے منصب کے لیے سردار شوکت علی اور شہزاد شفیع اعوان ایڈووکیٹ کے مابین مدِمقابل کا سخت جوڑ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ:6 انتخابی حلقوں کے نتائج کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت 15 اکتوبر کو ہوگی
دوسری جانب اس بار کے انتخابات میں کئی اہم عہدوں پر امیدوار بلا مقابلہ بھی کامیاب قرار پائے ہیں۔ الیکشن ذرائع کے مطابق نائب صدر کے لیے ملک قدیر حسین، جوائنٹ سیکرٹری کے لیے نثار علی مغل، سیکرٹری مالیات کے لیے خواجہ عامر رسول، سیکرٹری لائبریری کے لیے کوثر پروین اور سیکرٹری نشر و اشاعت کے لیے راجہ عتیق الرحمان بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
وکلا برادری کے ان اہم ترین انتخابات کے لیے باضابطہ پولنگ کا عمل رواں سال 10 اکتوبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔ اس انتخابی عمل کے دوران بار کے اراکین اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے آئندہ سال کے لیے اپنی نئی قیادت کا انتخاب کریں گے۔




