محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب میدانی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت زیادہ رہے گا جبکہ شمالی پہاڑی اور بالائی علاقوں میں دوپہر کے وقت مطلع کہیں کہیں ابرآلود رہ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم کے سیاحتی مقامات میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری، رتی گلی سفید چادر میں لپٹ گئی
رپورٹ کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں دوپہر کے دوران مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور میدانی علاقوں میں گرم رہے گا، البتہ کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب، اسلام آباد، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم عام طور پر گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری اور گلیات میں دوپہر کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔




