اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے کئی حصوں  میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کی شدت میں کمی پیدا کردی۔

شہر اقتدار کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی محسوس کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 30 ستمبر تک شدید بارشیں، ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری

بارش کے بعد جڑواں شہروں کے موسم نے خوشگوار رنگ اختیار کرلیا ۔ کئی علاقوں میں سڑکوں پر بھی پانی جمع ہو گیا ہے۔گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سرما کے آمد کی نوید دیدی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ شہریوں کو گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بارش کے باعث شہر کے بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات کے پیش نظر متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آزادکشمیر، گلگت بلتستان اسلام آباد،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، سوات، دیر، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک میں بھی بارش کا امکان ہے

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بارشیں، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، نارووال اور دیگر علاقوںمیں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں30 ستمبر تک کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔