نیودہلی (کشمیر ڈیجیٹل)بھارت کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے تصدیق کی ہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ ان کا آخری میگا ایونٹ ہوگا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ اگلے سال ہونیوالا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھارت کیلئے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز : نیپال کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
ون ڈے انٹرنیشنلز میں 54 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کوہلی اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
اور اب بھارت کی نمائندگی صرف 50 اوورز کے فارمیٹ میں کرتے ہیں۔37 سالہ بلے باز نے ون ڈے انٹرنیشنلز میں 14,941 رنز بنائے ہیں
(جو سچن ٹنڈولکر کے 18,426 رنز کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں)، وہ 2011 میں اپنے ملک میں ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں
جبکہ 2023 کے فائنل میں انہیں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا 2027 کا ایڈیشن کوہلی کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔
کوہلی نے ہفتے کے روز براڈکاسٹر ‘جیو اسٹار’ کو بتایا کہ “میرے لیے یہ وہ آخری ورلڈ کپ ہے جو میں بھارت کے لیے کھیلوں گا۔”
مزید یہ بھی پڑھیں:محمد شہزاد نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا
ان کا کہنا تھا کہ یہی میرا عزم اور تحریک ہے کہ میدان میں اپنی پوری جان لگا دوں۔ اور یقیناً مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہی ہے اور اس کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا میں اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔
کوہلی نے کہا کہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے تقاضے کرکٹ کے مشکل ترین چیلنجز میں سے ایک بناتے ہیں، خاص طور پر ان لیے کہ یہ ٹورنامنٹ اپنے ملک سے باہر کھیلا جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی شدت کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اب اس میں ‘ٹی ٹوئنٹی’ کی سطح کی شدت کے ساتھ تقریباً 10 میچز کھیلنے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ کوہلی اور روہت دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے سیریز کا پہلا میچ اتوار کو ترواننت پورم میں کھیلا جائے گا۔




