مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی سے یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے ملاقات کی۔
ملاقات میں مسئلہ کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف خطے کا نہیں بلکہ ایک اہم بین الاقوامی مسئلہ ہےجس کے حل کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم گیلانی کا دورہ بھمبر، سپیکر طارق فاروق کو سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے اپنے بنیادی سیاسی، انسانی اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور بین الاقوامی پارلیمانی فورمز کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور ان کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ یورپی یونین دنیا میں جمہوریت، انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی اور پائیدار امن کے فروغ کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی پارلیمنٹ کے ارکان مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص انسانی حقوق کی صورتحال، کو سمجھنے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام خطے میں امن اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے خواہاں ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بین الاقوامی پارلیمانی روابط اور عوامی سفارت کاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور ان کے بنیادی حقوق کو عالمی سطح پر ہونے والی بحث میں مناسب اہمیت دی جانی چاہیے۔
صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کا آزاد کشمیر کا دورہ کرنے اور خطے کی صورتحال کو قریب سے سمجھنے کے لیے دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں یورپین پارلیمنٹ کے وفد نے ایوانِ صدر میں کشمیری ثقافت، سیاحت اور معدنی وسائل کو اجاگر کرنے کے لیے قائم کیے گئے خصوصی اسٹالز کا معائنہ کیا۔
متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں مختلف شعبوں، دستیاب وسائل اور آزاد کشمیر کی استعداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر مقامی فنکاروں اور گلوکاروں نے کشمیری ثقافت کی عکاسی پر مبنی فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
ممبران یورپی پارلیمنٹ کو آزاد کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات، قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے ممبر یورپین پارلیمنٹ میری خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔




