ایران نے تہران سے بغداد اور مسقط جانیوالی تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔
ایران نے کہا ہے کہ منگل کی رات سے تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ایران سے بغداد جانے والی پروازوں کو نجف موڑا جا رہاہے ۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی ایئرلائنز کا آپریشن دو دن میں بند ہو جائیگا، امریکا،پروازیں جاری رہینگی، تہران
ایران کا کہنا ہے کہ استنبول سمیت دیگر بین الاقوامی پروازیں شیڈول کے مطابق چلیں گی۔
دوسری جانب عراق نے بدھ کی نصف شب سے بغداد کے لیے ایرانی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکومت ایرانی پروازوں کا رخ بغداد سے نجف ہوائی اڈے کی جانب موڑنے پر غور کررہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کے خطرے کے باعث 23 ستمبر سے دنیا بھر میں تمام ایرانی ائیرلائنز کی پروازیں بند ہوجائیں گی۔
انہوں نے ساتھ ہی خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی ہوائی اڈا ایرانی ائیر لائنز کو ایندھن، لینڈنگ سہولیات یا ٹکٹوں کی فروخت فراہم کرتا ہے تو اسے امریکی ڈالر کے مالیاتی نظام سے خارج کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ایران کی سرکاری فضائی کمپنی ایران ایئر نے امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود عراق کے شہر نجف کے لیے پروازیں جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کیلئے 16 نئے طیاروں کی خریداری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ
ایران ایئر کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا تھاکہ تہران، مشہد اور اصفہان سے عراق کے شہر نجف جانے والی پروازیں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق چلتی رہیں گی۔
خیال رہے کہ نجف وہ اہم مذہبی مرکز ہے جہاں ایران سے ہزاروں زائرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے مزار پر حاضری کے لیے آتے ہیں۔اس لیے ایران اور عراق کے درمیان فضائی آمدورفت میں اس روٹ کی خاص اہمیت ہے۔




