ایم آئی ٹی سلوشنز کے بلے باز محمد فاروق نے پاکستان کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔
محمد فاروق نے صدر ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے مرحلے میں خان ریسرچ لیبارٹریز کے خلاف شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز کی اننگز میں 14 چھکے لگائے اور گلفراز خان کا 49 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما نے افغانستان کیخلاف 30گیندوں پر سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا
گلفراز خان نے 1976-77 کے سیزن میں لاہور میں پاکستان یونیورسٹیز کے خلاف ریلوے کی جانب سے 207 رنز کی اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور 14 چھکے لگائے، ان کی اننگز میں اوسطاً ہر 7 گیندوں کے بعد ایک چھکا شامل تھا۔
محمد فاروق کی ریکارڈ ساز اننگز نے انہیں سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم سے بھی آگے پہنچا دیاجنہوں نے 1996 میں شیخوپورہ میں زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 257 رنز کی اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق کا یہ کارنامہ اسی ہفتے سامنے آیا ہے جب انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان کے ٹیل اینڈر رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر 63 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز میں 9 چھکے لگائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مردان سے انگلینڈ کے میدان تک، برمنگھم ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز قائم کرنیوالے رضا اللہ کون ہیں؟
فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کے نمایاں چھکے لگانے والوں میں سابق پاکستانی بلے باز ماجد خان بھی شامل ہیں، جنہوں نے 1967 میں سوانزی میں گلیمورگن کے خلاف پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست 147 رنز کی اننگز میں 13 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق کے 14 چھکے اب پاکستان کی سرزمین پر فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگز میں کسی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بن گئے ہیں۔




