کوٹلی : وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان اور وزیر سیاحت، انڈسٹریز و معدنی وسائل عبدالرحمن آرائیں نے ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی میں سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان کے ساتھ تعارفی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر، ایس پی چوہدری عدیل احمد لنگڑیال ،مئیر چوہدری تاج سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ مال، بلدیاتی اداروں، محکمہ برقیات، تعمیرات، سیاحت، خوراک، ہاؤسنگ اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، مسائل اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ برقیات میں اصلاحات ، ثاقب مجید نے فیلڈ اسٹاف کو ایک ماہ کا ٹارگٹ دیدیا
وزیر سیاحت، انڈسٹریز و معدنی وسائل عبدالرحمن آرائیں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے مل کر کام کرنا ہے، عوامی مسائل کے حل اور حکومتی اہداف کے حصول کے لیے تمام محکموں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے حکومتی اہداف کی تیاری کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا تھا، تاہم ہم نے ہوم ورک صرف چھ دن میں مکمل کیا ہے۔ اب افسران ہمارا ساتھ دیں، ہم محض اعلانات کرنے نہیں بلکہ عملی طور پر ڈیلیور کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کوٹلی کو پانی کی فراہمی اہم مسئلہ ہے، پانی کی لائنوں میں لیکیج کے باعث بھی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
سڑکوں کی خستہ حالی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران ہونے والی تقرریوں اور جاری کئے گئے فنڈز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں تاکہ معاملات کا جائزہ لیا جاسکے۔
عبدالرحمن آرائیں نے ہاؤسنگ اسکیم کے مسائل، کمرشل عمارتوں کی تعمیر اور سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی توجہ دلائی اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ طلب کی۔
انہوں نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے افسران کو سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا، کوٹلی اور آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سیاحتی مقامات کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ضلع کے قدرتی حسن کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ صحت آزادکشمیر: گزشتہ 6 ماہ میں ہونیوالی بھرتیوں کا ریکارڈ طلب
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مہینوں کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ جہاں ممکن ہو مسائل کو دنوں میں حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری مشینری کی اصل ذمہ داری عوام کو سہولت اور ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے تمام افسران اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں۔
وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے حکومت، انتظامیہ اور تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کے معاملات کے حوالے سے الگ سے تفصیلی نشست منعقد کی جائے گی جبکہ شہر میں صفائی کی صورتحال کے بارے میں بھی مکمل بریفنگ لی جائے گی۔
انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ عام شہری کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور ہر ادارے کا سربراہ اپنے محکمے کی بہتری کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی عملی اصلاحات متعارف کرائی جائیں جن کے ثمرات عوام کو محسوس ہوں اور حکومتی کارکردگی میں واضح بہتری نظر آئے۔
راجہ محمد ریاست خان نے سرکاری آٹے کی فراہمی کے حوالے سے ہدایت کی کہ عوام کی بنیادی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری آٹے کی سپلائی جلد از جلد شروع کی جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی اکھاڑ پچھاڑ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسی نہیں۔ سرکاری ملازمین ریاست کے ملازم ہیں اور حکومت کا ملازمین کے ساتھ سب سے پہلے عزت و احترام کا رشتہ ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:مریم کشمیری کا ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد آبائی علاقہ آمد پر شاندار استقبال، جگہ جگہ ریلیاں اور جلسے
انہوں نے کہا کہ افسران اور ملازمین اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان صارم نے اجلاس میں زیر بحث امور پر متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔




