ممبر قانون ساز اسمبلی و صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر خواتین ونگ مریم کشمیری کی خواتین کی مخصوص نشست پر ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پہلی بار اپنے آبائی علاقے آمد پر درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل شاندار ریلی نکالی گئی۔ کامسر، کہوڑی، ڈھورہ، سنگڑی اور گوریا سمیت مختلف مقامات پر عوام، خواتین اور نوجوانوں نے ان کا پُرتباک استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے، جبکہ بعض مقامات پر یہ ریلیاں استقبالیہ جلسوں میں تبدیل ہو گئیں۔
قائدین کا شکریہ اور عوامی خدمت کے عزم کا اظہار:
استقبالیہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم کشمیری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں کارکن نواز جماعت ہے اور قیادت کی جانب سے ایک عام کارکن کو مخصوص نشست پر اسمبلی تک پہنچانا ایک تاریخی اور حوصلہ افزا فیصلہ ہے۔ انہوں نے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر حکومت عوامی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار اور سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے ممبر اسمبلی مریم کشمیری کی اہم ملاقات
مریم کشمیری نے حلقہ کوٹلہ کی رکن اسمبلی نورین عارف کی ترقیاتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں مل کر حلقے کی محرومیوں کے ازالے، عوامی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی خواتین کارکنان اور عہدیداران کی لازوال جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے ملنے والی محبت اور خلوص نے ان کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور عوام کی مشاورت و تعاون سے حلقہ کوٹلہ کی ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔ استقبالیہ تقریب سے مسلم لیگ ن ضلع مظفرآباد کے صدر راجہ فراز عارف، راجہ امتیاز اور دیگر عہدیداران و کارکنان نے بھی خطاب کیا اور مریم کشمیری کی خدمات کو سراہا۔




