گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں اضافے کا اعلان،حکومت کو وارننگ بھی دیدی

لاہور: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

ملک شہزاد اعوان نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کر رہے ہیں۔ کیونکہ حکومت نے گزشتہ 4 روز کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بالترتیب 20 روپے اور 24 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز میں ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دیا جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے گزشتہ ماہ 8 سے 17 اگست تک بھی ہڑتال کی تھی تاہم حکام کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد احتجاج مؤخر کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم لیوی کے متبادل کے لیے جماعت اسلامی کی 6 شاندار تجاویز سامنے آگئیں

ٹرانسپورٹرز اتحاد نے 17 اگست کو 40 دن کے لیے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے ان کے تمام مطالبات مان لیے ہیں، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر روزانہ کی بنیاد پر نظرثانی نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.28 روپے کا اضافہ کر کے اسے 403.32 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول میں 5.02 روپے کا اضافہ کر کے اسے 375.82 روپے کر دیا ہے۔