پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 24 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ کیا جا چکا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے یاد دلایا کہ 8 سے 17 اگست تک جاری رہنے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرائے 5فیصد بڑھا دیئے

حکومت سے معاہدہ اور دوبارہ ہڑتال کی دھمکی:

ٹرانسپورٹرز رہنما کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ہی ٹرانسپورٹرز نے اپنی ملک گیر ہڑتال کو 40 روز کے لیے مؤخر کیا تھا۔حکومت نے ان معاملات کے حل کے لیے جو 40 دن کا وقت مانگا تھا، اس کی مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے جا رہی ہے ۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے اپنے وعدوں اور معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز ایک بار پھر ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔