برمنگھم ٹیسٹ میں بھی شکست، پاکستان انگلینڈ کی سرزمین میں پہلی بار وائٹ واش

انگلینڈ نے برمنگھم ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ہوم سیریز میں وائٹ وائش کردیا اور 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔

برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بولرز نے جارحانہ انداز میں بولنگ کا آغاز کرتے ہوئے دونوں انگلش اوپنرز کو پہلے ہی اوور میں پویلین واپس بھیج دیا اور انگلینڈ کی ٹیم ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوگئی۔

انگلینڈ نے پاکستان کے 130 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوور کی پہلی ہی گیند پر بین ڈکٹ اور اسی اوور کی آخری گیند پر ایمیلیو گے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: مردان سے انگلینڈ کے میدان تک، برمنگھم ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز قائم کرنیوالے رضا اللہ کون ہیں؟

پاکستان کے محمد عباس نے ابتدائی 2 وکٹیں 2 رنز پر حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا تاہم کپتان جو روٹ اور جورڈن کوکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کسی نقصان کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا ۔

دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جو روٹ 62 اور جورڈن کاکس 59 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور یوں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست ہوئی۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پہلی بار ہوم سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کرتے ہوئے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 133 رنز بنائے تھے جب کہ انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر 320 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ پاکستان ٹیم نے دوسری اننگز میں 449 رنز بنائے اور انگلینڈ کے خلاف 129 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔