ثاقب مجید

وزیر توانائی ثاقب مجید کی میرا کلاں میں کھلی کچہری، افسران کو وارننگ

مظفرآباد:وزیر توانائی و آبی وسائل و چیئرمین قومی تقریبات کمیٹی آزاد کشمیر ثاقب مجید راجا نے یونین کونسل میرا کلاں کی عوامی کھلی کچہری میں شرکت کی۔ کھلی کچہری کا انعقاد ممبر ضلع کونسل راجہ نبیل آزاد کی رہائش گاہ پر کیا گیا تھا۔

اس موقع پر یونین کونسل میرا کلاں کے تمام وارڈز سے عوامی نمائندوں اور معززین نے بھرپور شرکت کی جبکہ تمام متعلقہ سرکاری محکمہ جات کے سربراہان اور نمائندگان بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے عزائم کچھ اور، ان کی ڈور کسی اور کے ہاتھ میں ہے: ثاقب مجید

وزیر حکومت کی  کھلی کچہری میں عوام کو درپیش مسائل، علاقائی ضروریات اور تعمیر و ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عوام کو اپنے مسائل براہِ راست پیش کرنے اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو موقع پر اپنا مؤقف اور تجاویز سامنے رکھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

ثاقب مجید راجا نے عوامی مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان اور نمائندگان کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے محض یقین دہانیاں کافی نہیں بلکہ اداروں کی مؤثر کارکردگی، باہمی رابطے اور بروقت عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

 انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سامنے آنے والے مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریوں کے مطابق مؤثر پیش رفت یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے : راجہ ثاقب مجید

وزیر حکومت کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندگی کا بنیادی تقاضا ہے کہ ہر علاقے، ہر وارڈ اور ہر طبقے کی آواز سنی جائے اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی و انتظامی امور میں بہتری لائی جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی رابطے اور کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور یونین کونسل کی سطح پر سامنے آنے والے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مؤثر پیروی کی جائے گی۔