سردارتنویر الیاس، سردار عتیق ملاقات، پونچھ صورتحال پرتشویش کا اظہار، ملکرحل کرنے پراتفاق

اسلام آباد(کشمیرڈیجیٹل )صدر استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی سابق وزیراعظم و صدر آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان سے اہم ملاقات۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے سردار عتیق خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں موجودہ کشیدہ صورتحال میں ہماری تشویش محض انتخابات یا حکومت سازی کے ایشوز تک محدود نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اصل ترجیح یہ ہے کہ ریاستی عوام کی زندگی معمول پر لائی جائےاور انہیں اپنے گھروں میں محفوظ اور باوقار زندگی گزارنے کا موقع ملے۔

انہوں نے کہا کہ پونچھ عوام کو جلد از جلد جمہوری عمل میں واپس شامل کیا جائے تاکہ اس خطے کے منتخب نمائندے ایوان میں اپنے لوگوں کی نمائندگی کر سکیں۔

پونچھ میں جاری احتجاجی دھرنوں اور احتجاج کا حل طاقت یا محاذ آرائی نہیں بلکہ سیاسی مکالمے، باہمی مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے جس میں تمام متعلقہ سیاسی و سماجی اسٹیک ہولڈرز اور قومی سلامتی کے زمہ داران کو شامل کیا جائے۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی سردار عتیق احمد خان سے تفصیلی ملاقات میں آزادکشمیر بالخصوص پونچھ میں امن و امان کی صورتحال، جاری احتجاجی دھرنے، عوام کو درپیش مشکلات اور ریاست کے سیاسی مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے موجودہ حالات کو اس انداز میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ عام شہری جس زندگی کی توقع رکھتا ہے، وہ بھی اسے میسر نہ ہو۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگی رہنما سردار اعجاز خان سدوزئی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل

انہوں نے کہا کہ کشیدہ صورتحال کے باعث پونچھ سے بڑی تعداد میں لوگ اسلام آباد اور دیگر علاقوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں جبکہ بعض خاندان گزشتہ تین، چار اور پانچ ماہ سے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں رہنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ سیاسی قیادت انتخابات اور دیگر سیاسی معاملات سے بڑھ کر عوام کی زندگی معمول پر لانے کو اپنی پہلی ترجیح بنائے۔

سردار تنویر الیاس کا مزید کہنا تھا کہ فاروق حیدر خان،سردار یعقوب خان سردار حسن ابراہیم خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بات چیت کی۔۔۔

اور یہ احساس پایا جاتا ہے کہ ریاست کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے سیاسی قیادت کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سردار عتیق احمد خان نے یوم نیلا بٹ کے علاؤہ باغ میں سید خادم حسین شہید کی برسی کے موقع پر بھی اس عزم کا اظہار کیا۔

کہ وہ ریاست کی موجودہ صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں گے اور کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آج کی ملاقات میں بھی اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دیگر قائدین اور ذمہ داران کو ساتھ ملا کر مشاورتی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں مزید سیاسی و سماجی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی تاکہ احتجاجی دھرنے کے پرامن، باوقار اور مذاکراتی حل کی کوئی قابل عمل صورت پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے میں مختلف عناصر اور طبقات شامل ہو چکے ہیں، اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ احتجاج کرنے والوں کی بات بھی سنی جائے اور ان کے ساتھ براہ راست مکالمے کا راستہ اختیار کیا جائے۔

سردار تنویرالیاس کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق اس عمل میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور امید ہے کہ اجتماعی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت کے قیام کے بعد اب ان سے توقع ہے کہ وہ ماضی میں کیے گئے معاہدوں اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی روشنی میں آگے بڑھے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا ہنگامی اجلاس طلب، غیرفعال عہدیداروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

سردار تنویر الیاس خان نے واضح کیا کہ پونچھ کے عوام کو آزادکشمیر کے جمہوری عمل سے باہر رکھنا ریاست کے مفاد میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں وزیراعظم کا انتخاب ہو چکا ہے۔

اس لیے اب جتنا جلد ممکن ہو پونچھ کے عوام کو حکومت سازی کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ سیاسی عمل مکمل ہو اور ریاست میں معمول کی صورتحال بحال ہو سکے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے حالات پر صرف ریاست کے لوگ ہی نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جاتے رہے ہیں ۔

ہر جگہ یہ احساس پایا کہ آزادکشمیر پاکستان کے عوام کیلئے محض ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ جذباتی وابستگی کا معاملہ بھی ہے۔ اس لئے موجودہ صورتحال کا حل صرف آزادکشمیر نہیں بلکہ پورے پاکستان کے مفاد میں ہے۔

ملاقات میں سردار عتیق احمد خان نے بھی آزادکشمیر بالخصوص پونچھ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دھرنے کے پرامن اور مذاکراتی حل کی حمایت کی۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کے حل کیلئے مشاورت کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور دیگر سیاسی و سماجی اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لے کر ریاست کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔