ثاقب مجید کا غیر روایتی اقدام، فیلڈ اسٹاف کو دفتر بلا کر مسائل سنے، حل کرنے کی یقین دہانی

مظفرآباد: وزیر توانائی وآبی وسائل ثاقب مجید راجاؤ عہدہ سنبھالنے کے دوسرے روز ہی ایکشن میں دکھائی دئیے۔ محکمہ برقیات مظفرآباد کے فیلڈ اسٹاف کو دفتر طلب کرکے ان کے مسائل سنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

محکمہ برقیات کے فیلڈ ملازمین کے ساتھ براہِ راست ملاقات اور ان کے مسائل سننے کے اقدام کو سرکاری ملازمین کی جانب سے غیر معمولی اور خوش آئند قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: راجا ثاقب مجید مسلسل 3 شکستوں کے بعد بالآخرکامیاب

ماضی میں عموماً ممبر اسمبلی کی جانب سے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد محکمہ کے سیکرٹری اور اعلیٰ افسران سے بریفنگ لیتے تھے تاہم وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر پہلے مرحلے میں محکمہ کے فیلڈ اسٹاف سے ملاقات کو ترجیح دی۔

اس موقع پر مظفرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی کے نظام کی دیکھ بھال، فیلڈ میں درپیش مشکلات، دستیاب وسائل اور دیگر انتظامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیر توانائی نے ملازمین کے مسائل اور مشکلات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ محکمہ کے فیلڈ اسٹاف کو درپیش جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بجلی کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے فیلڈ اسٹاف کا کردار انتہائی اہم ہے۔

دوسری جانب محکمہ برقیات مظفرآباد ڈویژن کے فیلڈ اسٹاف نے وزیر حکومت کی جانب سے براہِ راست ان کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی پر ثاقب مجید راجہ کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر حکومت پنجاب کے نقش قدم پر’’ستھرا کشمیر پروگرام‘‘ لانچ کردیا

ملازمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سرکاری امور کی انجام دہی میں پہلے سے زیادہ محنت، لگن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔

اجلاس کے اختتام پر محکمہ برقیات کے ملازمین جلوس کی شکل میں وزیر حکومت ثاقب مجید راجہ کو ان کے دفتر تک چھوڑنے گئے۔