اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے عدالتی حکم کی پابند ہے۔
طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا علاج سرکاری اسپتال میں نہ ہو تو شفا انٹرنیشنل ہسپتال بھیجیں گے، بانی پی ٹی آئی کے بیرون ملک جانے کا فیصلہ بھی ہوسکتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج ہمارا فخر، امید ہے نو منتخب اسمبلی مسائل حل کرے گی، سردار یعقوب خان
طارق فضل چوہدری نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ایوان میں کہا تھاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کریں گے۔
سپریم کورٹ سے رجوع صرف اس لئے کیا تھاکہ وضاحت مل جائے کہ یہ فیصلہ صرف ایک قیدی کیلئے ہے یا ملک کے تمام دیگر قیدیوں کیلئے بھی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت کے پاس بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کیلئے چند گھنٹے باقی ہیں، حکم نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن :مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی منظور، حتمی فہرست جاری
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے آج کا دن فیصلہ کن قرار دیدیا، کہا کہ حکومت عدالتی حکم پر نظر ثانی کی درخواست واپس لے چکی ہے اب اس کے پاس بانی کی اسپتال منتقلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
اس سے پہلے رجسٹرار سپریم کورٹ نے بانی کی ہسپتال منتقلی کے حکم کیخلاف نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔ذرائع کے مطابق اعتراضات دور کرکے نئی درخواست آج ہی دائر ہونے کا امکان ہے۔




