وزیر اعظم شہبازشریف نے پاکستان میں گوگل دفتر کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے دفتر کا افتتاح کردیا ہے۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں اپنے پہلے دفتر کے افتتاح کے موقع پرطلباءکیلئے فری جیمنائی سبسکربشنز کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ سے ملاقات کی اور ملک میں ٹیکنالوجی کمپنی کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کیا، اس کے موقع پر امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر بھی موجود تھیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل کی یہ آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان گورننس کے مختلف شعبوں میں ایک اہم ڈیجیٹل تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ فیصلہ، نوازشریف حکومت کیخلاف پھر سازش ہونے لگی،سینیٹر ناصر بٹ

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو ملک کی قسمت بدل سکتی ہے، اس ضمن میں کافی کام کیا گیا ہے لیکن ہدف کے حصول کیلیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

ولسن وائٹ نے وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے اپنے پہلے دورے اور مقامی دفتر کے افتتاح کو ایک بڑا سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ گوگل ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور مقامی دفتر کا قیام ایک انتہائی خاص لمحہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا آئی ٹی برآمدی حب بنانے کا وزیر اعظم کا عزم گوگل کے اہداف سے مطابقت رکھتا ہے،

گزشتہ 10 برسوں میں گوگل نے مقامی پاکستانی کاروباروں اور گھرانوں کیلیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمیاں پیدا کی ہیں جس سے 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتیں حاصل ہوئیں اور یہ تو ابھی صرف شروعات ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سردار عتیق خان کا یوم نیلہ بٹ تقریب میں آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے اعلان کا فیصلہ

ولسن وائٹ نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اس کے عوام میں مناسب سرمایہ کاری نہ کی جائے۔

گوگل نے کیریئر سرٹیفکیٹس اور اسکولوں کے ساتھ کام کر کے ایک ملین سے زائد پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ، ولسن وائٹ نے یہ اعلان بھی کیا کہ رواں ہفتے کے آخر میں گوگل کی جانب سے تمام پاکستانی طلبہ کیلئے گوگل جیمنائی سبسکربشنز ایک سال کیلیے بالکل مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔