راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان 23 اگست کو یوم نیلہ بٹ کے موقع پر منعقدہ بڑے عوامی اجتماع سے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے بعد مسلم کانفرنس کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔
مسلم کانفرنس کی جانب سے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی یوم نیلہ بٹ کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں پارٹی قیادت، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے نورین نیازی کی ملاقات ختم، میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار
یاد رہے کہ ضلع باغ، تحصیل دھیرکوٹ میں واقع بلند و بالا چوٹی نیلہ بٹ وہ تاریخی مقام ہے جہاں 23 اگست 1947 کو مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے 23 سال کی عمر میں تحریک آزادی کشمیر کی عسکری جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ یہ جدوجہد تقریباً 18 ماہ تک جاری رہی۔
تحریک آزادی کشمیر کے نتیجے میں موجودہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وسیع علاقے کو آزادی نصیب ہوئی۔ یوم نیلہ بٹ ہر سال مسلم کانفرنس کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کے تاریخی پس منظر اور مجاہدین کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور بورڈ میٹرک نتائج 2026: طالبات کاغلبہ، سائنس گروپ کی تین طالبات پہلی پوزیشن پر نمایاں
اس سال یوم نیلہ بٹ کی تقریب کو سیاسی حوالے سے بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے بعد سردار عتیق احمد خان کی جانب سے مسلم کانفرنس کے مستقبل کے سیاسی کردار اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے۔




