راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی جس کے بعد سائرن بجادیئے گئے اورلوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، گولڑہ میں 144 اور بوکرہ میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ پیر ودھائی میں 105 گوالمنڈی میں 77، شمس آباد 41 اور کچہری میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 19فٹ تک پہنچ گیا۔ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے آس پاس آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی۔
راولپنڈی کے کئی علاقوں کیں گلیاں تلاب میں تبدیل ہوگئیں، گھروں میں پانی داخل ہونے پر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مزید بارشوں کی پیشگوئی، کہاں کہاں بادل برسیں گے؟
مظفرآباد ، باغ، راولاکوٹ،مری میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی،لاہور ، گجرات ، گوجرانولہ ، جہلم، سیالکوٹ شکر گڑھ اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا ھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ، پانی سڑکوں ، گلی محلوں میں جمع ہو گیا۔
،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روا نی متاثر ہوئی ہے ، نشیبی علاقے زیر آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب،بلوچستان ،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہو سکتی ہے ۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم، کالاباغ ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں ۔ملک کے باقی دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔




