محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 17 سے 21 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ بارشوں کے باعث مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 اگست سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث 17 سے 21 اگست تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھرمیں بارش کے حوالے سےمحکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد،وادی نیلم، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور مردان میں 17 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں 18 سے 21 اگست کے دوران دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 اگست کی شام یا رات سے 20 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق 16 اگست کی رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہے جب کہ سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گجرات، گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں بھی بارشوں کا امکان ہے جب کہ قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا اور خوشاب میں بھی بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا میں7.7شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری
اس کے علاوہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، میانوالی اور نورپور تھل میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 20 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔




