خیرپور ضمنی انتخاب ،پیپلز پارٹی نے تاریخی لیڈ سے سیٹ حاصل کر لی

صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور کے حلقے پی ایس 30کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے اسفندیار کھرل بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے۔

اتوار کو خیرپور کے حلقے پی ایس 30 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی ۔ حلقہ میں ووٹنگ کےلیے 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف نے مخصوص نشستوں کی خواہشمند خواتین کے انٹرویوز کرلیے

پی ایس 30 کے تمام 164 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آ چکے ہیں جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے اسفندیار کھرل نے 48 ہزار 986 ووٹ حاصل کیے۔

دوسرے نمبر پر رہنے والے آزاد امیدوار تصور مہدی شاہ نے صرف ایک ہزار 299 ووٹ حاصل کیے۔ یوں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے 47ہزار687ووٹوں کی برتری سے کامیابی سمیٹی ہے۔

ریٹرننگ افسر نے فارم 47 جاری بھی کر دیا ہے۔حیران کن طور پر ضمنی انتخاب میں پولنگ کی شرح صرف 20 اعشاریہ 53 فی صد رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ پی ایس 30 خیرپور میں 2 لاکھ 54 ہزار 980 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔حلقہ میں پی پی امیدوار کیخلاف 7آزادامیدوار الیکشن لڑ رہے تھے لیکن کوئی بھی امیدوار خاطر خواہ ووٹ حاصل نہیں کرسکا

یہ بھی پڑھیں:حکومت سازی کیلئے بڑی پیشرفت، مخصوض نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری

حلقہ میں 64 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 68 کو حساس قرار دیا گیا تھاجبکہ ضمنی انتخاب میں سکیورٹی کے لیے 2500 پولیس اہلکار تعینات تھے۔

واضح رہے کہ حلقہ پی ایس 30 کی نشست پیپلز پارٹی کے نعیم کھرل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔