دکانوں اور گھروں کا صفایا کرنیوالے ملزم سے 15لاکھ نقدی، سامان برآمد

تھانہ پولیس چڑہوئی نے زیرِ حراست ملزم ندیم عرف منی ولد محمد رزاق سے دورانِ تفتیش 15 لاکھ روپے نقدی، لاکھوں روپے مالیت کے مختلف کمپنیوں کے موبائل فون کارڈز، سگریٹ اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی ہیں۔

پولیس مطابق ملزم سے دورانِ تفتیش الریاض بیکری میں ہونے والی چوری اور محمد زراعت کے گھر میں ہونے والی چوری کی وارداتوں سے متعلق بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور ہزاروں روپے مالیت کا دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چوری کی انوکھی واردات، سی سی ٹی وی کیمروں نے خواتین کے گروہ کو بے نقاب کر دیا

 اس کے علاوہ مبینہ طور پر چوری کی وارداتوں میں استعمال ہونے والے مختلف آلات و اوزار، آری کے بلیڈ، کٹر اور دیگر مشتبہ سامان بھی برآمد کرکے اپنی تحویل میں لے لیا۔

 پولیس کی جانب سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔

ایس ایچ او تھانہ پولیس چڑہوئی چوہدری خلیل احمد کی قیادت میں پولیس ٹیم کی یہ کارروائی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اگر پولیس افسران پیشہ ورانہ مہارت، عزم، محنت اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ممکن ہے۔

 ملزم کی گرفتاری کے بعد مسلسل تفتیش، مختلف وارداتوں کے شواہد اکٹھے کرنا اور مبینہ طور پر چوری شدہ مال کی برآمدگی پولیس کی منظم منصوبہ بندی اور مؤثر تفتیشی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی میں سرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کا کروڈ آئل چوری کرنیوالا گروہ بے نقاب

عوامی حلقوں کے مطابق مبینہ طور پر کئی ماہ سے چوری کی وارداتوں کے باعث شہریوں کو پریشانی اور تشویش کا سامنا تھا اور علاقے کے لوگوں کا سکون متاثر ہو رہا تھا۔ ایسے حالات میں چڑہوئی پولیس کی یہ کامیابی عوام کے لیے اطمینان اور اعتماد کا باعث بنی ہے۔

 شہریوں نے ایس ایچ او چوہدری خلیل احمد اور ان کی پوری پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔