مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پارٹی ٹکٹ کی خواہشمند خواتین اُمیدواروں کے انٹرویوز کیے۔
مری میں ہونے والے انٹرویوز کے دوران نواز شریف نے اُمیدواروں کے سیاسی پس منظر، پارٹی کیلئےخدمات اور عوامی خدمت کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر اُمیدواروں کے سیاسی پروفائلز اور پارٹی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مخصوص نشستوں پر مشاورت جاری
مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر نامزدگیوں کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ مخصوص نشستوں میں 5 خواتین، ایک علما و مشائخ، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک بیرون ملک مقیم کشمیریوں کیلئے مختص نشست شامل ہے۔
ن لیگ سب سے بڑی پارلیمانی جماعت
حالیہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے 45 براہ راست منتخب نشستوں میں سے 25 نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کی حیثیت حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
نئی حکومت کی تشکیل پر بھی غور
مسلم لیگ (ن) کی قیادت مخصوص نشستوں پر اُمیدواروں کی نامزدگی کے ساتھ آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے بھی مشاورت کررہی ہے۔ پارٹی کی جانب سے مخصوص نشستوں کیلئے حتمی امیدواروں کے نام مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔
اہم رہنما بھی موجود تھے
خواتین اُمیدواروں کے انٹرویوز کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، انوشہ رحمان اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی صورتحال باعث تشویش، پنجاب کی طرز پر ترقی دیں گے: نواز شریف




