مظفرآباد ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات میڈیا کوآرڈینیٹر کی تقرری سے متعلق بڑا فیصلہ دیدیا

آزاد جموں و کشمیر کی عدالت العالیہ نے محکمہ اطلاعات میں زوبیہ خورشید کی بطور میڈیا کوآرڈینیٹر تقرری کا حکم نامہ معطل کر دیا ہے۔ جسٹس سردار اعجاز خان نے ابتدائی سماعت کے دوران اس تقرری کو روکتے ہوئے رٹ پٹیشن کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔

درخواست گزار کا موقف اور قانونی اعتراضات:

یہ رٹ پٹیشن محمد رضوان کی جانب سے نوجوان قانون دانوں سید ذوالقرنین نقوی اور سردار مطیب ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت العالیہ میں دائر کی گئی تھی۔ وکلاء نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ زوبیہ خورشید راجہ اس آسامی کے لیے مطلوبہ اہلیت نہیں رکھتیں اور نہ ہی وہ اس عہدے کے لیے ہونے والے کسی ٹیسٹ یا انٹرویو کے عمل میں شامل ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی عدالت نے عادل راجا کی اپیل مسترد کر دی، بھاری جرمانہ عائد

درخواست میں یہ اہم قانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ سرکاری محکمے کے پراجیکٹ میں تعیناتی کے بعد پیپلز پارٹی کی زوبیہ خورشید راجہ کو پارٹی کا عہدہ دیا گیا ہے، جو کہ صریحاً قانون کی خلاف ورزی ہے۔ سرکاری ملازمت کے ساتھ سیاسی عہدہ رکھنا رولز کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

عدالتی کارروائی اور فریقین:
کیس کی ابتدائی سماعت جسٹس سردار اعجاز خان کی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کیس کی پیروی کی۔ عدالت نے فراہم کردہ دلائل کی روشنی میں زوبیہ خورشید کا تقرر نامہ معطل کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں زوبیہ خورشید کے علاوہ رفاہقت حسین عباسی کا نام بھی بطور غیر قانونی مقرر کردہ میڈیا کوآرڈینیٹر شامل ہے۔

مزید پڑھیں: عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر فوڈ اتھارٹی متحرک، نیلم کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سخت چیکنگ

Scroll to Top