ایل اے14غربی باغ سے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان کو شکست سے دوچار کرنیوالے عوامی دست وبازو کے چیئرمین سردار ساجد اقبال عباسی کو مسلم لیگ(ن) نے حکومت میں شمولیت کی دعوت دیدی۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور ممبر قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت اور وزیر امور کشمیر کا پیغام لے کر نو منتخب ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ غربی باغ، چیئرمین جموں و کشمیر عوامی دست و بازو ساجد اقبال عباسی کے گھر پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:عوامی فیصلہ قبول ،ساجد اقبال عباسی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،سردارعتیق
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیرعباسی نے آزاد جموں و کشمیر میں بننے والی نئی حکومت میں جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کی شمولیت کی دعوت دی جس پرچیئرمین جموں و کشمیر عوامی دست و بازو ساجد اقبال عباسی کا کہنا تھا کہ ساتھیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ عوامی دست وبازوکے چیئرمین سردار ساجد اقبال عباسی نے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان کو21ہزارکی لیڈ سے ہرا کر بھرپور پذیرائی حاصل کر لی ہے ۔
جیت کے بعد وکٹری اسپیچ میں ساجد اقبال عباسی نے نوجوانوں کیلئے100کروڑ کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔
ساجد اقبال عباسی جو متحدہ عرب امارات میں بزنس کررہے ہیں نے حلقہ غربی باغ میں کروڑوں کے ترقیاتی کام کروا کر ہی سردار عتیق کو شکست سے دوچار کیا ہے،اب انہیں حکومت میں شمولیت کی دعوت بڑی پیشرفت ہے۔
مسلم لیگ(ن) کی جانب سے ان کی برادری کے ہی ممبرا سمبلی کو بھیج کر پیغام دیا گیا ہےتاکہ مضبوط حکومت قائم کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:سردار ساجد اقبال عباسی نے مسلم کانفرنس کا تاریخی قلعہ مسمار کر دیا، آزاد کشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی لیڈ قائم
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی جانب سے سردار ساجد اقبال عباسی کوحکومت میں شامل ہونے پر وزارت کی پیشکش کی گئی ہے اور عین ممکن ہے کہ وہ حکومت میں شامل ہوجائیں گے۔




