فاروق حیدر کے صاحبزادے راجہ عثمان حیدر کو نئی کابینہ میں مشیر بنانے کا فیصلہ

آزاد کشمیر میں نئی حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے اور قائد ایوان کیلئے مسلم لیگ(ن) کے صدر شاہ غلام قادر، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق بھرپور لابنگ کررہے ہیں ۔

مسلم لیگی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا نام قائد ایوان کیلئے زیر غور نہیں ہےاور شاہ غلام قادر ، چوہدری طارق فاروق میں سے کسی امیدوار کو وزیراعظم نامزد کیا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کا آئندہ وزیراعظم کون ہوگا؟ن لیگ کا اجلاس طلب

ذرائع کے مطابق اگر راجہ محمد فاروق حیدر خان صدر یا وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے منتخب نہ ہوئے تو ان کے حلقہ 6سے ان کے فرزند راجہ عثمان حیدر خان اور حلقہ 7 جہلم ویلی سے سابق وزیر چوہدری محمد رشید کو مشیر حکومت بنایا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ محمد فاروق حیدرکی بھی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے بیٹے کی حکومت میں ایڈجسٹمنٹ کرائیں کیونکہ شاہ غلام قادریا طارق فاروق کے وزیراعظم بننے پر وہ خود کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے۔

دوسری طرف مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کا کہنا ہے چونکہ حتمی فیصلہ قائد ن لیگ نوازشریف نے کرنا ہے تو وہ فاروق حیدر کو بھی نامزد کرسکتے ہیں لیکن لیگی قیادت کی کوشش ہے کہ ایکٹو عہدیدارمیں سے کسی کو نامزد کیا جائے۔

آزادکشمیر کے وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے15اگست کو مری میں اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں حکومت سازی سے متعلق فیصلے کئےجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگی وفد ساجد اقبال کے پاس پہنچ گیا، حکومت میں شمولیت کی دعوت

یاد رہے کہ ایل اے 32 جہلم ویلی سے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر کو 2339 ووٹوں سے شکست دے کر مسلسل پانچویں مرتبہ ایم ایل اے منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر راجہ فاروق حیدر کو وزارتِ عظمیٰ سے مائنس کیا گیا تو انہیں صدر آزاد کشمیر کے عہدے پر بھی لایا جا سکتا ہے۔