آپریشن ردالفتنہ 3:قلات ، مستونگ میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 25 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ(کشمیر ڈیجیٹل) قلات اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، “فِتنۃ الہندوستان” اور “فِتنۃ الخوارج” کے 25 دہشتگرد ہلاک ہوگئے

سیکیورٹی فورسز کے اسپیشل یونٹس نے قلات اور مستونگ کے علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ،آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 25 دہش گرد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردّ الفتنہ 3 کا قہر، واشک اور آواران میں 15دہشتگرد جہنم واصل

ذرائع کے مطابق آپریشن “رد الفتنہ 3” کے تحت صبح سویرے قلات کے علاقوں ماراپ، خلیق آباد اور پندران، جبکہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں “فِتنۃ الہندوستان” (FAH) اور “فِتنۃ الخوارج” (FAK) کے روپوش عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ماراپ (قلات): فِتنۃ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 سے 4 شدید زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

لہر، پندران (قلات): فِتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 1 سے 2 زخمی ہوئے۔ ہلاک شدگان کی لاشیں منتقل کردی گئی ہیں ،سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کردیئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خاران شہر میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، شہر میں داخل ہونیوالے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردہلاک کردئیے

جوڑ، پندران (قلات) میں فِتنۃ الخوارج کا 1 مزید دہشت گرد ہلاک ہوا جس کی لاش کو لہر منتقل کردیا گیا ہے ۔

کھڈکوچہ (مستونگ) میں بھی سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں 7 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے، جبکہ ان کی پناہ گاہ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

کامیاب آپریشن میں فِتنۃ الہندوستان کے 19 اور فِتنۃ الخوارج کے 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔