پنجاب حکومت کا پوزیشن ہولڈرز طلباو طالبات کیلئے 1 لاکھ روپے انعام کا اعلان

لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے میٹرک میں پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کیلئےانعامی رقم 20 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بٹن دبا کر پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج آن لائن جاری کر دیئے۔

اس موقع پر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اس بار تمام تعلیمی بورڈز کے نتائج ایک ساتھ جاری کئے گئے ہیں اور شفاف نتائج کی فراہمی سے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کو عملی شکل دی گئی ہے۔

رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ پوزیشن ہولڈرز کے انعامات 20ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیئے جبکہ کامیاب طلباء وطالبات کو نقد انعام کیساتھ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی بار نتائج کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ طلباء اب ہارڈ کاپی کے بجائے آن لائن تصدیق شدہ رزلٹ کارڈ حاصل کر سکیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:طوفانی بارشیں، الرٹ جاری، بلدیہ کا شہریوں سے ڈیزل اخراجات مانگنے کا انکشاف

، نجی اسکولوں کے طلبہ اپنے اداروں کے پورٹل سے بھی رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ ان آن لائن رزلٹ کارڈز کے لیے الگ سے تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ طلبہ کی سہولت کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے طلبہ فوری طور پر مطلوبہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت تمام تعلیمی بورڈز کو تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جا رہی ہے، آئندہ سال پیپر چیکنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے مکمل اسکرین مارکنگ متعارف کرائی جائے گی، جبکہ سنٹرلائزڈ پیپر چیکنگ کے نظام کو مزید شفاف بنایا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یوم آزادی تقریبات کی تیاریاں: ڈپٹی کمشنر ساجد اسلم کی زیرصدارت اجلاس، اہم فیصلے

انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ طلبہ کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنا امتحانی پرچہ خود بھی ری چیک کر سکیں گے۔وزیر تعلیم کے مطابق اس سال کسی بھی مقام سے امتحانی مراکز فروخت ہونے کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

جبکہ صوبے بھر میں نقل مافیا کا 95 فیصد تک خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جامعات میں طلبہ کی انرولمنٹ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔