پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کا تیل بھی سستا

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت صارفین کو مٹی کے تیل کی خریداری پر بھی ریلیف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران پر حملے روکنے کے ٹرمپ کے اعلان کا اثر، خام تیل چار ڈالر سے زائد فی بیرل سستا

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 58 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

اس کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 301 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 305 روپے 22 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔

حکومت کی جانب سے حالیہ قیمتوں میں کمی کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی تبدیلیوں کا فائدہ عوام تک پہنچانا بتایا جا رہا ہے۔

مٹی کا تیل ملک کے دور دراز اور سرد علاقوں میں گھریلو استعمال کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباروں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اس لئے قیمت میں کمی سے متعدد صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا تھا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 4 اگست سے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 8 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور گھریلو صارفین کو کسی حد تک ریلیف ملے گا۔ تاہم عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ آئندہ قیمتوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرول پمپس کو نئی نرخوں کے مطابق فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔