آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کا پرانی ویڈیوز کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، الیکشن پرامن جاری

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے موقع پر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر انتخابی عمل کو متنازع بنانے اور پولنگ معطل ہونے کے حوالے سے وائرل کی جانے والی خبریں اور ویڈیو کلپس مکمل طور پر من گھڑت، بے بنیاد اور پرانے ثابت ہوئے ہیں۔ ہماری فیکٹ چیکنگ اور انتظامی تحقیقات کے مطابق ان وائرل خبروں اور ویڈیوز کا موجودہ حالات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

کالعدم ایکشن کمیٹی پرانی ویڈیوز کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں سرگرم ہے۔ خاص طور پر راولاکوٹ کے حوالے سے جس ویڈیو کلپ کو تازہ ترین صورتحال بتا کر گردش دی جا رہی ہے، وہ حقیقت میں ایک پرانی ویڈیو ہے۔ اس پرانے کلپ کو موجودہ انتخابی عمل سے جوڑ کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا بنیادی مقصد معاشرے میں تشویش، بے یقینی اور انتشار پھیلانا ہے تاکہ شہریوں کو ووٹ ڈالنے سے روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کا مظفرآباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ، انتخابی عمل پر اطمینان کا اظہار

میدان کی اصل صورتحال اور عوامی شرکت:

تمام منفی اور سنسنی خیز بیانیے کے برعکس میدانی صورتحال مکمل طور پر پرامن اور معمول کے مطابق ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل بلا تعطل اور منظم انداز میں جاری ہے۔

عوام نے تمام جعلی خبروں اور افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ مظفرآباد اور جہلم ویلی سمیت تمام علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کا غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے، جہاں شہری اپنے جمہوری اور آئینی حق کا استعمال کرنے کے لیے پرجوش انداز میں گھروں سے نکل رہے ہیں۔

شہریوں کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت:

الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے شیئر کیے جانے والے مواد اور پرانی ویڈیوز پر بالکل توجہ نہ دیں۔ کسی بھی قسم کی افواہ پر کان دھرنے کے بجائے صرف الیکشن کمیشن کے باضابطہ اعلانات اور مستند ذرائع ابلاغ کی خبروں پر ہی اعتماد کریں۔