نیویارک سٹی میراتھن: کشمیری ایتھلیٹ محمد یوسف اور مونا خان کا نیا ریکارڈ

نیویارک (خصوصی رپورٹ) نیویارک میں منعقدہ ٹی سی ایس نیویارک سٹی میراتھن 2026 شروع ہوگئی۔پاکستان سمیت دنیا بھرکے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی انٹرنیشنل میراتھن رنر محمد یوسف اور معروف خاتون ایتھلیٹ، سینئر صحافی و اینکر پرسن پی ٹی وی نیوز مونا خان نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی پرچم عالمی سطح پر سربلند کیا۔

محمد یوسف اور مونا خان دونوں دو، دو مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں۔ دونوں ایتھلیٹس نے اس عالمی مقابلے میں اپنی شرکت کو ایک عظیم سماجی مقصد کے لیے وقف کیا۔

ان کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں پولیو فری پاکستان اور ملک میں تعلیم کے فروغ کا پیغام عام کرنا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا ریلیف سکیم پرعمل نہ کرنیوالے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

دونوں پاکستانی ایتھلیٹس نے نیویارک کی سڑکوں پر میراتھن میں حصہ لیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ مستقبل اور معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آنے چاہئیں۔

محمد یوسف نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی چوتھی ورلڈ میجر میراتھن کامیابی سے مکمل کرلی جبکہ مونا خان نے اپنی پانچویں ورلڈ میجر میراتھن مکمل کرکے فائیو اسٹار میجرز رنر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

مونا خان کی یہ کامیابی خصوصی اہمیت کی حامل ہے، جنہوں نے جسمانی تکالیف اور مختلف مشکلات کے باوجود غیر معمولی عزم، حوصلے اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میراتھن مکمل کی۔

ان کی یہ کارکردگی پاکستانی خواتین کے لیے ہمت، خود اعتمادی اور استقامت کی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔

محمد یوسف کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلہ مظفرآباد سے ہے۔ وہ پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر معروف میراتھن رنر اور دو مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لوئرگریس: آتشزدگی ،2 مکان خاکستر،عوام کا حکومت سے مالی تعاون کا مطالبہ

وہ مختلف ممالک میں بین الاقوامی مقابلوں کے دوران پاکستان اور کشمیر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ نوجوان نسل میں رننگ، کھیلوں اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے بھی سرگرم عمل ہیں۔

رواں سال نیویارک سٹی میراتھن 2026 میں مجموعی طور پر 30 پاکستانی رنرز نے شرکت کی، جن میں پاکستان سے آنے والے 12 جبکہ بیرونِ ملک مقیم 18 پاکستانی شامل تھے۔

محمد یوسف اور مونا خان کی نیویارک میراتھن میں شرکت نے یہ پیغام اجاگر کیا کہ میراتھن محض ایک کھیل یا جسمانی مقابلہ نہیں بلکہ انسانی خدمت، صحت عامہ، تعلیم کے فروغ اور مثبت معاشرتی تبدیلی کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

دونوں ایتھلیٹس نے اپنی کامیابیوں کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پولیو کے خاتمے اور تعلیم کی اہمیت کو بھی نمایاں کیا۔