لاہور: ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، ان فارم بیٹر شان مسعود انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل نے شان مسعود کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو سکیں اور مزید پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پہلا ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دیدی ،بیٹنگ لائن اپ کارکردگی نہ دکھا سکی، بابر اعظم
پی سی بی کے مطابق شان مسعود کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہوگی۔ ان کی صحت اور بحالی کے عمل کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ہی ان کی دستیابی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اگرچہ شان مسعود دوسرے ٹیسٹ میچ میں حصہ نہیں لیں گےتاہم وہ قومی ٹیم کے ساتھ ہی سفر جاری رکھیں گے۔
ان کا ری ہیب پروگرام دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پی سی بی کے میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں جاری رہے گا تاکہ انہیں جلد از جلد مکمل فٹ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر شان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز فاسٹ بولر جیڈن سیلز کی گیند ہاتھ پر لگنے سے انگلی میں فریکچر ہوا۔ انجری کے باوجود انہوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی دوسری اننگز میں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کی۔
شان مسعود چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی پہلی گھنٹے کی بیٹنگ کے دوران فیلڈنگ کے لیے میدان میں نہیں اترےجبکہ پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی وہ اپنے روایتی نمبر تین کی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔ وہ اس وقت کریز پر پہنچے جب پاکستان 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 53 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکا تھا۔
چونکہ پاکستان اس ٹیسٹ میں ایک اضافی بیٹر کے بغیر کھیل رہا تھا، اس لیے شان مسعود کی عدم دستیابی کے باعث آل راؤنڈر عامر جمال کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنا پڑی۔
یہ بھی پڑھیں:گلاسگو کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم کی فائنل میں رسائی، محمد یاسر سلطان دوڑ سے باہر
پاکستانی ٹیم کو انجری مسائل کا بھی سامنا ہے کیونکہ اوپنر عبداللہ فضل پہلے ہی کمر کی انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ دونوں سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان کی جگہ متبادل کے طور پر عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ سعود شکیل کو شیڈول سے پہلے ہی ٹیم جوائن کرنا پڑا۔




