گلاسگو کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم کی فائنل میں رسائی، محمد یاسر سلطان دوڑ سے باہر

گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کے نامور اور دفاعی چیمپئن ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں کوئی بھی کھلاڑی 84 میٹر کا آٹو کوالیفائنگ مارک حاصل نہ کر سکا، جس کے بعد بہترین تھرو کی بنیاد پر ٹاپ 12 کھلاڑیوں کو فائنل میں جگہ دی گئی۔ ارشد ندیم 78.63 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ساتویں نمبر پر رہے۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کی صورتحال اور کھلاڑیوں کی درجہ بندی:

تین تھرو پر مشتمل اس کوالیفائنگ مرحلے میں سری لنکا کے رمیش تھرنگا 82.84 میٹر کی تھرو کے ساتھ سرِ فہرست رہے، جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز 81.29 میٹر کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ڈاؤ سمتھ 80.64 میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ انگلینڈ کے بین ایسٹ نے 80.38 میٹر کی تھرو کے ساتھ چوتھی جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے 79.61 میٹر کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی، اور آسٹریلیا کے میک اینٹائر 78.91 میٹر کی تھرو پھینک کر ارشد ندیم سے ایک درجے اوپر چھٹے نمبر پر رہے۔

پاکستان کے دوسرے قومی ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان 74.36 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ 14 ویں نمبر پر رہے اور فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:کامن ویلتھ گیمز ،36رکنی دستے کا اعلان، قیادت ارشد ندیم کے سپرد 

ارشد ندیم بطور دفاعی چیمپئن اور سابقہ ریکارڈز:

ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں بطور دفاعی چیمپئن میدان میں اترے ہیں۔ انہوں نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر کی تاریخی تھرو پھینک کر گولڈ میڈل جیتا تھا، جس سے نہ صرف نیا قومی اور کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ قائم ہوا تھا بلکہ وہ مردوں کے جیولین تھرو میں 90 میٹر سے زیادہ کی تھرو پھینکنے والے پہلے جنوبی ایشیائی ایتھلیٹ بھی بنے تھے۔

ادھر میاں چنوں میں ارشد ندیم کا یہ کوالیفائنگ راؤنڈ دیکھنے کے لیے اہل علاقہ کی بڑی تعداد ان کے گھر جمع ہو گئی اور ان کے لیے دعائیں کرتی رہی، جس سے گاؤں میں میلے کا سماں رہا۔