باکسر عامر خان بھی کروڑوں کے مالی فراڈ کا شکار،حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان میں مالی فراڈ کا شکار ہوئے ہیں اور انہوں نے حکومت سے اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں شیشہ کیفے کے ایک ناکام منصوبے کے نام پر ان سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:تھائی لینڈ،باکسنگ کا عالمی ٹائٹل پاکستانی خاتون باکسر عابدہ بتول نے جیت لیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو کے ردعمل میں عامر خان نے خالق تنولی نامی شخص پر غیر قانونی طور پر رقم لینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات سے پاکستان کی ساکھ اور ملک میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔

عامر خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کا اور زوما اسلام آباد کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ تنولی ایک دھوکے باز شخص ہے جس نے غیر قانونی طریقے سے رقم حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے پاکستان اور ملک میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہش مند افراد کے سامنے منفی تاثر جاتا ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ان کی محبت مضبوط ہے، لیکن حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس سے قبل ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کرنے کی یہ ایک بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل اور حکومت پاکستان کو بھی ٹیگ کیا۔

 ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خالق تنولی نامی شخص تقریباً 10 سال قبل ایک شیشہ کیفے میں بطور منیجرکام کرتا تھا، جس کے بعد اس نے مختلف شہروں میں 8 سے 10 شیشہ کیفے قائم کیے۔

ویڈیو کے مطابق خالق تنولی نے مبینہ طور پر متعدد افراد کو کاروبار میں شراکت داری کی پیشکش کرکے ان سے رقم حاصل کی اور انہیں دھوکا دیا۔

دعوے کے مطابق خالق تنولی نے عامر خان کو بتایا تھا کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے شیشہ کیفے کی بہت زیادہ طلب ہے اور اس منصوبے کے لیے ان سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے حاصل کئے۔دعوے میں کہا گیا ہے کہ رقم وصول کرنے کے باوجود کیفے قائم نہیں کیا گیا اور بعد میں اس کی وجہ پابندی کو قرار دیا گیا۔

ویڈیو کے مطابق عامر خان نے جب اپنی رقم واپس مانگی تو مبینہ طور پر رقم واپس کرنے سے انکار کردیا گیا اور قانونی حربے استعمال کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا محمد عامر آئی پی ایل کھیلنے جا رہے ہیں؟فاسٹ بولر کا ردعمل آگیا

 عامر خان نے اصرار کیا تو خالق تنولی نے مبینہ طور پر کسی شخص کے ذریعے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کروا کر یہ اطلاع دلوائی کہ اسے اغوا کرلیا گیا ہے۔