مظفرآباد: وزیراعظم کے مشیر، سینیٹر رانا ثناء اللہ خان، اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے مظفرآباد ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتخابی مہم کی مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مرحلے کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں قائدِ حزبِ اختلاف خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عبداللہ خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، سینیٹر سعود مجید، سابق رکنِ قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا، رکنِ قومی اسمبلی ریاض الحق، پنجاب اسمبلی کے ارکان رانا شہریار، احمد لغاری، اسامہ لغاری، تیمور لالی، قاسم ندیم اور نورالامین وٹو، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسنز بلال رضوان اور اُزیر کیانی نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:راجہ پرویز اشرف کے الزامات پر امیر مقام کا ردعمل آگیا، جواباً ثبوت سامنے لے آئے
اجلاس کے دوران انتخابی مہم کی اب تک کی پیش رفت، عوامی رابطہ سرگرمیوں، مختلف انتخابی پروگراموں اور آئندہ مرحلے کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر انتخابی مہم کو مزید مؤثر، مربوط اور منظم بنانے کے لیے مختلف پروگراموں، عوامی اجتماعات اور تنظیمی سرگرمیوں کو حتمی شکل دی گئی۔
وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے میرپور ڈویژن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شاندار انتخابی کامیابی پر انتخابی مہم کے تمام کوآرڈینیٹرز، تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور بھرپور عوامی رابطہ مہم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں پارٹی کی کامیابی کارکنوں کے جذبے، مضبوط تنظیمی ڈھانچے، مؤثر حکمتِ عملی اور کوآرڈینیٹرز کی مسلسل اور منظم کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میرپور ڈویژن کی طرح مظفرآباد ڈویژن میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں کامیابی سے آگے بڑھے گی اور عوام کے تعاون سے پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
اجلاس میں انتخابی مہم کو مزید فعال، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر کوآرڈینیٹرز کو ہدایت کی گئی کہ باہمی رابطے، تنظیمی ہم آہنگی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ پارٹی کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک موثر انداز میں پہنچایا جا سکے اور انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن: پیپلز پارٹی شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے: ن لیگ کا بلاول بھٹوکو جواب
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھتے ہوئے کارکنوں، تنظیمی عہدیداران اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔




