پاکستان مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تنقید پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن کے انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو بی بنیاد قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی اور آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق تفصیلات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ وہ میرپور ڈویژن کے عوام کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ اور ن لیگ کا کشمیری عوام سے تعلق:
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپور ڈویژن کے عوام نے کارکردگی کو ووٹ دیا ہے اور پنجاب کی طرح ترقی کرنا آزاد کشمیر کے عوام کا بھی بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) اور آزاد کشمیر کے عوام کا تعلق چولی دامن کا ہے، جس کا واضح اظہار وہاں کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولنگ اسٹیشنوں پرقبضہ کیاتوخاموش نہیں بیٹھیں گے،بلاول کااعلان
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی نتائج کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے ان کی جانب سے بے بنیاد بیانات دیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے الزامات مکمل طور پر غیر جمہوری اور ناقابل قبول ہیں۔
بلاول بھٹو کے الزامات اور انتخابی نتائج کی تفصیلات:
احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن میں شکست کے بعد اس قسم کی بیان بازی کرنا دراصل کشمیری عوام کے ووٹ اور ان کے جمہوری فیصلے کی توہین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری الزامات لگاتے ہوئے یہ بھی بھول گئے کہ آزاد کشمیر میں اس وقت حکومت ان ہی کی جماعت کی قائم ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ میرپور ڈویژن میں مکمل طور پر صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 13 میں سے 9 نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات آزاد کشمیر میں امن، استحکام اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کی کارکردگی کا آپس میں موازنہ کرتے ہوئے اپنا فیصلہ دیا اور بہترین کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا۔




