اسلام آباد پولیس میں سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور کانسٹیبلز کی بھرتیاں

اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس (ڈالفن یونٹ) میں ایگزیکٹو اسٹاف کے لیے مختلف خالی اسامیوں پر مرد اور خواتین امیدواروں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔ وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کے تحت ہونے والی ان بھرتیوں میں وفاقی حکومت کے قوانین کے مطابق صوبائی و علاقائی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس میں آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے شہری درخواست دے سکتے ہیں۔   

تصویر میں دیے گئے سرکاری اشتہار کے مطابق ان بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے امیدوار جنرل میرٹ، کھلے مقابلے اور خصوصی اے جے کے کوٹہ کے تحت ان اسامیوں کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد پولیس دیگر صوبائی پولیس فورسز کی بنسبت بہترین مراعات اور پرکشش تنخواہیں فراہم کرتی ہے، اس لیے یہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سے بیجنگ ہفتہ وار پروازوں کا آغاز: پی آئی اے کی چینی مارکیٹ میں پوزیشن مضبوط  

اسامیوں اور کوٹہ کی تفصیلات:

اشتہار کے مطابق کل 3 اہم کیٹیگریز میں بھرتیاں کی جا رہی ہیں:

سب انسپکٹر (بی ایس-14): کل 2 اسامیاں ہیں۔ اس کے لیے تعلیم بی اے/بی ایس سی یا مساوی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے ہونی چاہیے۔

اسسٹنٹ سب انسپکٹر / اے ایس آئی (بی ایس-11): کل 38 اسامیاں ہیں۔ جن میں اوپن میرٹ پر 1، آئی سی ٹی 19، پنجاب 10، سندھ دیہی 2، سندھ شہری 2، خیبر پختونخوا 2، بلوچستان 1 اور فاٹا/این اے کے لیے 1 اسامی شامل ہے۔ تعلیمی قابلیت بی اے/بی ایس سی یا مساوی مقرر کی گئی ہے۔

کانسٹیبل (بی ایس-07): کل 750 اسامیاں ہیں۔ جن میں اوپن میرٹ 28، آئی سی ٹی 375، پنجاب 188، سندھ دیہی 43، سندھ شہری 28، خیبر پختونخوا 43، بلوچستان 23، این اے/فاٹا 11، آزاد جموں و کشمیر (AJK) 7، اور گلگت بلتستان (GB) کے لیے 4 اسامیاں شامل ہیں۔ کانسٹیبل کے لیے تعلیم میٹرک یا مساوی بورڈ سے ہونا ضروری ہے۔

جسمانی معیار اور عمر کی حد:

تمام اسامیوں کے لیے عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق 5 سال کی عمومی رعایت بھی شامل ہے۔ جسمانی معیار کے لحاظ سے مرد امیدواروں کے لیے کم از کم قد 5 فٹ 7 انچ اور چھاتی 33×34.5 انچ ہونا ضروری ہے۔ خواتین امیدواروں کے لیے کم از کم قد 5 فٹ 2 انچ ہونا چاہیے۔

جسمانی دوڑ کی شرط کے تحت مرد امیدواروں کو 1 میل کا فاصلہ 7 منٹ میں طے کرنا ہوگا، جبکہ خواتین امیدواروں کے لیے 1 میل کا فاصلہ طے کرنے کے لیے 10 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

ضروری دستاویزات اور شرائط:

انٹرویو کے وقت امیدواروں کو اپنے اصل سرٹیفکیٹس اور دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔ ان میں نادرا کا جاری کردہ اصل قومی شناختی کارڈ (CNIC)، تعلیمی اسناد، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، اور نیلی بیک گراؤنڈ والی 02 عدد پاسپورٹ سائز تصاویر شامل ہیں۔ اقلیتی (غیر مسلم) کوٹہ پر اپلائی کرنے والے امیدواروں کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تصدیق شدہ حلف نامہ جمع کروانا لازمی ہے۔