وادی نیلم:استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کے صدر، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے وای نیلم کےعلاقہ وادی گریس کا دورہ کیا ، اس موقع پران کا شاندار استقبال کیا گیا جبکہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ(ن) اور مسلم کانفرنس سےدرجنوں افراداستحکام پاکستان میں شامل ہو گئے۔
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر سردار تنویر الیاس نے مختلف عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز سے خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سردار تنویر الیاس ،سردار عتیق ملاقات،سیاسی، الیکشن صورتحال پر تبادلہ خیال
اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنان اور شخصیات نے اپنے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سردار تنویر الیاس نے نئے شامل ہونے والے کارکنان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بڑھتی ہوئی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ مثبت، باوقار اور عوام دوست سیاست کے خواہاں ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران کارکنان اور مقامی عوام نے سردار تنویر الیاس کا چلہانہ سے جناوی تک شاندار استقبال کیا۔ جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے، کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، نعرے بازی کی اور قافلے کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
سردار تنویر الیاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ حلقہ 25 نیلم ون کی تعمیر و ترقی، روزگار، سیاحت، بنیادی سہولیات اور عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔.
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن: پیپلز پارٹی شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے: ن لیگ کا بلاول بھٹوکو جواب
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کو مزید موثر انداز میں جاری رکھتے ہوئے عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں۔
دوسری جانب پارٹی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ مختلف علاقوں میں عوام کی بڑی تعداد کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت سے انتخابی مہم کو مزید تقویت ملی ہے اور کارکنان بھرپور جوش و خروش کے ساتھ انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔




