نیپال: ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب دو ہیلی کاپٹرٹکرا گئے، غیر ملکی سیاح ہلاک

نیپال کے مشہور سیاحتی مقام ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب فیرچے کے علاقے میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں لینڈنگ کی کوشش کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے۔ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سیاح اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ ایک ہیلی کاپٹر کا پائلٹ شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ آج صبح فیرچے ہیلی پیڈ پر اس وقت پیش آیا جب ‘فش ٹیل ایئر’ اور ‘ایئر ڈائنسٹی’ کے دو ہیلی کاپٹر ایک ہی وقت میں لینڈنگ کی کوشش کر رہے تھے۔ لینڈنگ کے دوران دونوں ہیلی کاپٹر کنٹرول برقرار نہ رکھ سکے اور آپس میں ٹکرا گئے۔ شدید تصادم کے باعث دونوں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:ترکیہ میں فوٹو شوٹ: دلہن غباروں کے ساتھ ہوا میں اڑ نے لگی

حادثے میں جانی نقصان اور زخمیوں کی صورت حال:

حادثے کے وقت فش ٹیل ایئر کے ہیلی کاپٹر میں سوار ایک غیر ملکی سیاح شدید زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔ تاہم حکام کی جانب سے ہلاک ہونے والے غیر ملکی سیاح کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب، ایئر ڈائنسٹی کے ہیلی کاپٹر کے کپتان رابندرا پرجاپتی حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ذرائع نے فوری طور پر زخمی پائلٹ کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

امدادی کارروائیاں اور تحققیات کا آغاز:

حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر ایمرجنسی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور صورت حال سے نمٹنے کے لیے ‘سمریک ایئر’ کا ہیلی کاپٹر بھی فوری طور پر حادثے والی جگہ پر پہنچ گیا۔

نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے ساتھ ساتھ مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔