جمہوریت کے نام پر ناانصافی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا، بلاول بھٹو زرداری کا ورکرز کنونشن سے خطاب

مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے میرپور ڈویژن کے انتخابی عمل اور نتائج پر سخت ترین ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے واضح الفاظ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرپور اور کوٹلی کے عوام کے ووٹ پر کسی کو بھی ڈاکا ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، اور پیپلز پارٹی عوامی رائے کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جائے گی۔

جمہوریت کے نام پر ناانصافی نا قابلِ قبول:

مظفرآباد میں ورکرز کنونشن کے شرکاء سے خطاب میں چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر ناانصافی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی مسائل میں اضافہ،انتخابات کسی حد تک متنازعہ ہو چکے ،بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات اٹھ چکے ہیں اور عوام خود فیصلہ کریں کہ کیا یہ واقعی ایک حقیقی جمہوری عمل تھا۔

عوام اور ورکرز کے ساتھ ڈٹ جانے کا اعلان:

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے ووٹ، جمہوری حق اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کا انتظامی يا سیاسی دباؤ، جبر اور زیادتی پیپلز پارٹی کو اپنے بنیادی موقف اور کشمیری عوام کی ترجمانی سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ چیئرمین پی پی پی نے ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ پرامن رہتے ہوئے اپنے جمہوری حقوق کی پاسداری اور ووٹ کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، رانا ثنا اللہ