(کشمیر ڈیجیٹل): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 8 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 3 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے اور باقی دو حلقوں کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے-1 میرپور 1 میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے-2 میرپور 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12 ہزار 904 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی اور ایل اے-3 میرپور 3 میں پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ لے کر فاتح رہے۔ اسی طرح ایل اے-4 میرپور 4 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے ہیں۔
بھمبر ڈویژن کے انتخابی نتائج:
بھمبر ڈویژن میں ایل اے-5 بھمبر 1 سے مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 29 ہزار 821 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 29 ہزار 100 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایل اے-7 بھمبر 3 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق نے 35 ہزار 490 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب ایل اے-6 بھمبر 2 کے نتائج تاحال مکمل نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور ڈویژن انتخابات،11حلقوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ 7، پیپلزپارٹی4پر کامیاب
کوٹلی ڈویژن کی نشستوں کے نتائج:
کوٹلی ڈویژن میں ایل اے-8 کوٹلی 1 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ایل اے-9 کوٹلی 2 میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔ ایل اے-11 کوٹلی 4 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔ ایل اے-12 کوٹلی 5 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان 35 ہزار 168 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین 30 ہزار 320 ووٹ حاصل کر کے اپنی آبائی نشست سے شکست کھا گئے۔
علاوہ ازیں ایل اے-13 کوٹلی 6 میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 856 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نثار انصار ابدالی 15 ہزار 859 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اہم سیاسی رہنماؤں کو شدید دھچکا:
ان انتخابی نتائج کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کو بڑا سیاسی دھچکا پہنچا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اپنی روایتی نشست سے کامیابی حاصل نہ کر سکے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نثار انصار ابدالی بھی انتخاب ہار گئے ہیں۔
بھمبر میں ہنگامہ آرائی اور انتظامی کارروائی:
دوسری جانب ایل اے-6 بھمبر 2 میں پولنگ اسٹیشن کو نذر آتش کرنے اور بیلٹ باکس چھیننے کے واقعے پر انتظامیہ نے سخت کارروائی کی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سماہنی کلیم عباس کو فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے، جبکہ علی شان سونی سمیت 20 افراد کو گزشتہ رات گرفتار کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مزید پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات، نتائج کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، الیکشن کمیشن کا اعلان
حتمی اعلان کا انتظار:
آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کے یہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مسلم لیگ (ن) کی مضبوط پوزیشن کی عکاسی کرتے ہیں، تاہم حتمی نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔




