مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن سے اہم اور بڑی سیاسی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جہاں 13 میں سے 12 حلقوں کے غير حتمی نتائج میں کئی بڑے سیاسی نام الیکشن ہار گئے ہیں۔
ان انتخابات کے دوران 13 میں سے 9 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) جبکہ 4 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ کئی دہائیوں سے ایوان کا حصہ رہنے والی شخصیات کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
حلقہ سماہنی اور مجموعی صورتحال:
حلقہ ایل اے 6 سماہنی میں ووٹ جلانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا گیا، تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد رزاق واضح برتری پر ہیں جس کے باعث اس نشست کو بھی مسلم لیگ (ن) کے حق میں تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات : پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری، پیپلز پارٹی اور آئی پی پی کو بڑا دھچکا
اہم سیاسی شخصیات کی غیر متوقع شکست:
ان انتخابات میں کئی اہم اور نامور سیاسی شخصیات کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین (اپنی آبائی نشست چڑہوئی سے) اور سابق وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی شامل ہیں۔
پانچ نئے امیدوار پہلی بار اسمبلی پہنچ گئے:
ان انتخابات کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پانچ امیدوار پہلی مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
پہلی بار ایوان تک رسائی حاصل کرنے والوں میں درج ذیل رہنما شامل ہیں:
- راجہ محمد ریاست خان (چڑہوئی)
- سردار عمیر نعیم (نکیال)
- راجہ آصف (سہنسہ)
- راجہ ایاز نثار (کھوئی رٹہ)
- چوہدری محمد رزاق (سماہنی)
چڑہوئی اور نکیال میں بڑے سیاسی اپ سیٹ:
حلقہ چڑہوئی میں مسلسل کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری محمد یاسین کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد ریاست خان نے شکست دی، جس پر پیپلز پارٹی نے انتخابی دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
حلقہ نکیال میں مسلم لیگ (ن) کے سردار عمیر نعیم نے سابق وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی کو شکست دے کر بڑا سیاسی اپ سیٹ کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ایک بار پھر یہ نشست سردار سکندر حیات کے خاندان کے پاس چلی گئی ہے کیونکہ سردار عمیر نعیم ان کے بھتیجے ہیں۔
مزید پڑھیں: جیالے کی شہادت افسوسناک ، الیکشن کمیشن فوری ایکشن لے ،بلاول بھٹو
سہنسہ، کھوئی رٹہ اور سماہنی کی صورتحال:
حلقہ سہنسہ میں سابق وزیر حکومت راجہ نصیر خان مرحوم کے بھتیجے راجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اخلاق کو شکست دی۔ اسی طرح کھوئی رٹہ میں سابق وزیر حکومت راجہ نثار خان کے صاحبزادے راجہ ایاز نثار نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے انصر ابدالی اور پیپلز پارٹی کے ولید انقلابی کو شکست دے کر پہلی بار اسمبلی تک رسائی حاصل کی ہے۔
دوسری جانب، حلقہ سماہنی میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی پر واضح برتری حاصل کر رکھی ہے۔ علی شان سونی گزشتہ تین انتخابات میں مسلسل کامیاب ہوتے رہے تھے تاہم اس بار انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اگرچہ اس حلقے کا حتمی نتیجہ ووٹ جلانے کے واقعے کے باعث تاحال جاری نہیں کیا گیا۔




