اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 12 چڑہوئی میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی باہر نکالا گیا جبکہ مسلح افراد کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے اور مبینہ جعلی ووٹنگ کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جو انتہائی سنگین نوعیت کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن انتخابات،10حلقوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ 6، پیپلزپارٹی4پر کامیاب
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ایل اے 12 کے متنازع پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج فوری طور پر روکے اور شفاف تحقیقات کرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر فوج کی نگرانی میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے تاکہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات ہر امیدوار اور ووٹر کا بنیادی جمہوری حق ہیں لہٰذا عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
راجہ پرویز اشرف نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام امیدواروں کو مساوی انتخابی ماحول فراہم کریں اور دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک حلقے کے حتمی نتائج کا اعلان نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور کے عوام نے شیر پر مہر لگا کر اعلان کردیا کہ آزاد کشمیر کی ترقی صرف ن لیگ سے جڑی ہے:مریم اورنگزیب
یاد رہے کہ ایل اے 12 چڑہوئی سے پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری محمد یاسین ہیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کا دعویٰ ہے کہ یہاں سے لیگی امیدوار راجہ ریاست خان جیت چکے ہیں لیکن حتمی نتائج سامنے نہیں آسکے ہیں۔
چڑہوئی میں ہونیوالی پولنگ کے دوران کالاڈب میں تصادم بھی ہوا تھا جس میںایک شخص زخمی ہوا تھا۔




