الیکشن بے ضابطگیاں،پیپلزپارٹی کا الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ

میرپور / کوٹلی / بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے مختلف انتخابی حلقوں میں پولنگ کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں، ہنگامہ آرائی اور انتخابی عمل میں مداخلت پر شدید تشویش کا اظہار

انچارج پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن سیل سردار عبدالشکور کا الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل اے-12 تھروچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری محمد یاسین کے حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ریاست خان مبینہ طور پر مسلح افراد کے ہمراہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ کر پولنگ کے عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جس کے باعث ووٹرز میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موبائل فون سروس کی سست روی کے باعث مقامی آبادی، میڈیا کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سردار عبدالشکور کے مطابق ایل اے-8 کوٹلی ون کے راج محل میں پولنگ اسٹیشن نمبر 104 رادھ کٹار (ایل او سی کے قریب) پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پولنگ کے عمل میں مداخلت اور خلل ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے انتخابی ماحول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل اے-13 کھوئی رٹہ میں بھی متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ رکوانے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 108 روپڑی میں مسلم لیگ (ن) جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 159 پتھا (ایل او سی) میں آئی پی پی کی جانب سے پولنگ کے عمل کو متاثر کیا گیا، جو آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے اصولوں کے منافی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی فنڈنگ لیکرکالعدم ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کونقصان پہنچارہی ہے ،عطاء اللہ تارڑ

انہوں نے مزید کہا کہ ایل اے-9 کوٹلی نکیال کے مجھان پولنگ اسٹیشن نمبر 29 اور 30 پر ہنگامہ آرائی اور پولنگ کے عمل میں خلل ڈالنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث فوری انتظامی اقدامات کی ضرورت ہے۔

سردار عبدالشکور نے بتایا کہ ایل اے-12 کوٹلی فائیو میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار کی درخواست پر پولنگ اسٹیشن نمبر 17، 18، 19، 20، 21، 22، 23، 48 اور 49 کو حساس قرار دیتے ہوئے وہاں اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ پولنگ کا عمل پرامن، شفاف اور بلا خوف و خطر جاری رہ سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایل اے-5 بھمبر ون میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف کے حلقے کے پولنگ اسٹیشن نمبر 119، 120 اور 121 پر ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ متاثر ہوئی۔ اگرچہ سکیورٹی فورسز کی آمد کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کر دی گئی، تاہم پولنگ کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے جس سے ووٹرز کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر ڈیجیٹل کا تاریخ ساز اقدام: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پہلے مرکزی ‘الیکشن پورٹل’ کا قیام

سردار عبدالشکور نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ تمام شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے۔

پولنگ کے عمل کو بلا تعطل جاری رکھا جائے، ووٹروں اور پولنگ عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا انتخابی عمل میں مداخلت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔