فیس بک

میٹا فیس بک میں نیا ویڈیو فرسٹ فیچر متعارف کرائے گی

دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شمار ہونے والے فیس بک کے صارفین کیلئے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

میٹا فیس بک کے تجربے کو نئے انداز میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت ایپ کھولتے ہی روایتی نیوز فیڈ کے بجائے فل اسکرین ویڈیو فیڈ دکھائی جائے گی، جس سے فیس بک کا استعمال کافی حد تک ٹک ٹاک سے مشابہ ہو جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا جلد ہی “Reimagined Experience” کے نام سے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو ویڈیو پر مبنی جدید تجربہ فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ دلچسپ اور معیاری ویڈیو مواد تک زیادہ آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں صارفین کی بڑی تعداد ویڈیو مواد کو ترجیح دے رہی ہے، اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے فیس بک میں ایسی تبدیلیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں جو نہ صرف تفریح فراہم کریں گی بلکہ معروف اور مستند کریئیٹرز کے مواد کو بھی زیادہ نمایاں انداز میں پیش کریں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چند منٹوں میں مفت فیس بک ویریفائیڈبلیو ٹک،میٹا کا بڑا اعلان

نئے ڈیزائن کے تحت فیس بک ایپ کھولنے پر سب سے پہلے فل اسکرین ویڈیوز صارفین کے سامنے آئیں گی۔ تاہم میٹا نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی صارف روایتی نیوز فیڈ کو ہی استعمال کرنا چاہے تو اسے یہ سہولت بھی حاصل ہوگی، کیونکہ کلاسک فیڈ کو ختم نہیں کیا جا رہا بلکہ اسے نیوی گیشن میں ایک علیحدہ سیکنڈری ٹیب کی صورت میں برقرار رکھا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق ویڈیو فرسٹ فیڈ کو ابتدائی مرحلے میں صرف چند منتخب ممالک میں متعارف کرایا جائے گا، خصوصاً ان خطوں میں جہاں صارفین ویڈیو مواد کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔ کامیاب آزمائش کے بعد اس فیچر کو مرحلہ وار مزید ممالک تک وسعت دی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ فل اسکرین ویڈیو فیڈ کا تصور سب سے پہلے ٹک ٹاک نے مقبول بنایا تھا، جہاں ایپ کھلتے ہی ویڈیو چلنا شروع ہو جاتی ہے۔ اب میٹا بھی فیس بک کو اسی طرز پر ڈھالنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ صارفین کی بدلتی ہوئی دلچسپیوں کے مطابق پلیٹ فارم کو مزید مؤثر اور پرکشش بنایا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈالر کمانا بہت آسان ہوگیا، فیس بک نے بڑی خوشخبری سنا دی

البتہ میٹا کی جانب سے اب تک اس نئے انٹرفیس کی کوئی باضابطہ تصویر یا مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، اس لیے صارفین کو مزید معلومات کیلئے کمپنی کے آئندہ اعلانات کا انتظار کرنا ہوگا۔